عمر اکمل پر ایک سال کی پابندی عائد

  • February 26, 2021, 11:56 am
  • Sports News
  • 249 Views

قومی کرکٹر عمر اکمل پر کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کی جانب سے ایک سال کی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

کھیلوں کی ثالثی عدالت میں کرکٹر عمر اکمل پر ایک سال کی پابندی سمیت 42 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

عمر اکمل کے کیس میں کھیلوں کی ثالثی عدالت نے 19 فروری تک محفوظ کیا گیا فیصلہ سنانا تھا مگر اس کی تاریخ میں 31 مارچ تک کسی بھی وقت سنائے جانے کا امکان ظاہر کر دیا گیا تھا۔

اس سے قبل عمر اکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

کرکٹر عمر اکمل اور پی سی بی نے کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اپیل کی تھی ، پی سی بی نے 36 ماہ کی سزا 18 ماہ ہونے پر اپیل دائر کی تھی جبکہ عمر اکمل نے آزاد ایڈ جیوڈیکٹر کی جانب سے 18 ماہ کی سزا پر اپیل کی تھی ۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ عمر اکمل کے وکلاء دوپہر 12 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل فائیو سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو سزا سنائی گئی تھی، کھیلوں کی ثالثی عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد یکم دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔