فردوس عاشق اعوان اپنی جماعت کا نام بھول گئیں

  • February 20, 2021, 3:24 pm
  • Political News
  • 254 Views

زبان لڑ کھڑا گئی یا پرانی جماعت سے رفاقت یاد آ گئی، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان فرط جذبات میں اپنی جماعت کا نام بھول گئیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اپنی پارٹی کا نام ہی بھول گئیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن رزلٹ کا اعلان کرے تاکہ ’پیپلز پارٹی‘ جیت کا جشن منا سکے۔
انہوں نے پی ٹی آئی کی بجائے اس جماعت کا نام لیا جس کا ماضی میں وہ حصہ بھی رہ چکی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ڈسکہ سے پی ٹی آئی نے میدان مار لیا ہے۔الیکشن سے متعلق تحفظات کو دور کیا جائے،الیکشن کمیشن نتائج کا اعلان کر کے عوام کو کرب سے نکالے۔الیکشن نتائج کا اعلان کرنے سے روکا جا رہا ہے۔
چور میدان چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ان کا کام چوری اور پھر سینہ زوری کرنا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا جب کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے فتح کے دعوے کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز ڈسکہ سے قومی اسمبلی کے نشست این اے 75 پر ضمنی انتخاب ہوا تھا، حلقے میں تحریک انصاف کے علی اسجد خان اور ن لیگی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔
20 پولنگ اسیٹشنز کا عملہ نتائج کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے رات گئے تک مکمل نتائج سامنے نہیں آ سکے تھے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوار کو اپنے مدمقابل پر معمولی برتری حاصل تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوے کئے۔ دوسری جانب ریٹرننگ افسر نے اب حلقے کا غیر سرکاری حتمی نتیجہ روک دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لا پتہ ہونے والے پولنگ اسٹیشنز کا عملہ ڈی آر او آفس سیالکوٹ پہنچ گیا تاہم ریکارڈ ٹیمپر لایا گیا ، پولیس کسی قسم کا تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں ہو رہی، ڈی پی او فون سن رہے ہیں لیکن پولیس کو ایکشن کی کوئی ہدایات نہیں دے رہے۔ وزیر اعلی کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی ریٹرنگ آفسر کے دفتر میں موجود ہیں۔