ن لیگ نے تحریک انصاف کو ایک اور نشست پر شکست دے دی

  • February 20, 2021, 3:21 pm
  • Political News
  • 150 Views

ن لیگ نے تحریک انصاف کو ایک اور نشست پر شکست دے دی، لیگی خاتون رہنما بیگم طلعت محمود پی پی 51 وزیرآباد میں 53903 ووٹ حاصل کر کے کامیاب، تحریک انصاف کے چودھری یوسف 48484 ووٹ حاصل کر سکے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے 2 قومی اسمبلی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ ن نے نوشہرہ کی نشست جیتنے کے بعد ایک اور نشست پر فتح حاصل کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ پی پی 51 وزیرآباد میں تمام 162 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے۔ ان نتائج کے مطابق ن لیگ کی بیگم طلعت محمود 53903 ووٹ لے کر فتحیاب قرار پائی ہیں۔
جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار چودھری یوسف نے 48 ہزار 484 ووٹ حاصل کر سکے۔ دوسری جانب تحریک انصاف این اے 75 ڈسکہ اور این اے 45 کرم پر برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

این اے 45 کرم میں 113 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 11430 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آزاد امیدوار سید جمال 10360 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔ دوسری جانب پی کے 63 نوشہرہ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج موصول ہو چکے، جن کے مطابق مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف کو اپ سیٹ شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 75 ڈسکہ میں بھی کانٹے دار مقابلہ جاری ہے، مسلم لیگ ن کی امیدوار نوشین افتخار تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی کے مقابلے میں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔