سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ
- February 16, 2021, 1:46 pm
- Political News
- 210 Views
کراچی / کوئٹہ: سندھ اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی کی 2 جب کہ بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ امیدواروں کی جانب سے کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل سست ہونے کے الزام لگائے جارہے ہیں تاہم اب تک کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
پی ایس 88 ملیر 2
کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر 2 گلستان جوہر، ائیر پورٹ، سچل، ملیر سٹی، ملیر کینٹ اور میمن گوٹھ سمیت اطراف کے علاقوں پر مشتمل ہے، اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار 627 ہے، یہ نشست پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ بلوچ کےانتقال پرخالی ہوئی تھی۔ اس نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف بلوچ، پی ٹی آئی کے جان شیر جونیجو اور ایم کیو ایم کے ساجد احمد سمیت دیگر آزاد امیدوار میدان میں ہیں تاہپم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہے۔
پی ایس 43 سانگھڑ
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 43 میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 210 ہے، یہ نشست پیپلز پارٹی کے جام مدد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی، اس نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 7 امیدوار حصہ لے رہے ہیں تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کے جام شبیر علی اور پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو کے درمیان ہیں۔
پی بی 20 پشین
2018 کے عام انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 سے جے یو آئی (ف) کے سید فضل آغا منتخب ہوئے تھے تاہم ان کے انتقال کے باعث یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ جےیوآئی (ف) کے امیدوار سید عزیز اللہ آغا اور حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار عصمت اللہ ترین کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے۔