تحریک لبیک نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی، وزیراعظم
- February 11, 2021, 3:53 pm
- National News
- 319 Views
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے، اور تحریک لبیک پاکستان نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتی ٹیم نے تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، جس کے بعد حکومت کا تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔
وزیراعظم نے بتایا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے ڈیڈ لائن میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے، اور معاہدے کے تحت 20 اپریل تک ہم ان کے مطالبات پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں گے۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے حوالے سے 16 فروری تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ 16 نومبر 2020 کو فیض آباد میں حکومت اور تحریک لبیک کے مابین معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت حکومت نے 16 فروری تک فرانس کے سفیر کوملک بدر اور فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کرنا تھا، تاہم تین ماہ گزرنے کےباوجود حکومت معاہدے کی شقوں پر عمل نہیں کرسکی، جس کے خلاف تحریک لبیک نے 16 فروری کے بعد احتجاج اوردھرنے کا اعلان کرنا تھا۔
حکومت نے تحریک لبیک کے دوبارہ مذاکرات شروع کررکھے تھے، ایک ماہ کے دوران متعدد بار فریقین میں رابطے اور مذاکرات ہوئے تاہم آج حکومت اور تحریک لبیک کے مابین نیا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ مذاکرات میں حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری اور شیخ رشید شریک ہوئے جبکہ تحریک لبیک کی طرف سے مرکزی شوری کے اراکین غلام غوث بغدادی، ڈاکٹرشفیق امینی ، غلام عباس فیضی اور محمد عمیر الازہری نے دستخط کیے ہیں.
حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے 16 نومبر کے معاہدے کو 20 اپریل تک پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ معاہدے کی شقوں کا فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہوگا، تحریک لبیک کے سربراہ سمیت دیگر رہنماؤں اورکارکنان کے نام فورتھ شیڈول سے نکالے جائیں گے، ضمنی معاہدے کا اعلان وزیراعظم کریں گے جس کے بعد یہ نافذ العمل ہوگا۔