پاکستان نے جنوبی افریقا کو18سال بعد کلین سوئپ کردیا

  • February 8, 2021, 2:53 pm
  • Sports News
  • 169 Views

پاکستان نے جنوبی افریقا کو راولپنڈی ٹیسٹ کے آخری دن 95 رنز سے ہرا کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

کھانے کے وقفے کے بعد مہمان ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوئی اور تواتر کے ساتھ اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔

آخری دن کا کھیل جنوبی افریقا نے 127 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے شروع کیا تو اس کی دوسری وکٹ اسی اسکور پر گر گئی جب وین ڈر ڈیوسن 48 رنز بناکر آوٹ ہوئے، انہیں حسن علی نے بولڈ کیا۔

مہمان ٹیم کو 135 کے اسکور پر تیسرا نقصان ڈوپلیسی کی وکٹ کا اٹھانا پڑا، انہیں بھی حسن علی نے آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے سینچری میکر مارکہم لنچ کے فوری بعد 108 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے جبکہ اگلی ہی گیند پر کپتان ڈی کوک بھی پویلین چلتے بنے۔

جنوبی افریقا کی چھٹی وکٹ بووا کی تھی وہ 61 رنز بنا سکے، ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لینڈے تھے وہ 4 رنز بنا سکے۔

مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ مہاراج اور نویں وکٹ ربادا کی تھی دونوں کھلاڑی کوئی رن نہ بنا سکے۔

آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ملڈر رہے، انہوں نے 20 رن اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں حسن علی نے 5 ، شاہین شاہ نے 4 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو آخری بار 2003 ء میں ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پاکستان نے موجودہ سیریز دو صفر سے جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔