لاہور میں بیوی نے شوہر کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کرد یا

  • February 8, 2021, 12:45 pm
  • National News
  • 173 Views

لاہور میں ایک خاتون نے فائرنگ کر کے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ گلشن راوی میں بیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ پولیس نے مقتول کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ تھانہ گلشن راوی میں درج ایف آئی آر میں مقتول جمشید کی والدہ شمیم اختر نے الزام عائد کیا کہ ملزمہ نے دو دن پہلے نا معلوم فون کالز پر مقتول کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں۔
مقتول کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہم مکان کی نچلی منزل پر رہتے ہیں جبکہ ہمارا بیٹا بالائی منزل پر رہتا ہے۔ واقعہ کے وقت ہم مکان کی نچلی منزل پر تھے کہ ہم نے بیٹے کی چیخ و پکار سنی، چیخ و پُکار کی سنتے ہی ہم بالائی منزل پر گئے تو ماجد نامی شخص نے جمشید کو پکڑا ہوا تھا جبکہ جمشید کی بیوی شہزادی کے ہاتھ میں پستول تھا۔
خاتون نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ شہزادی کے پہلے خاوند کی بیٹی ندا نے ماں کو آواز دی اور کہا کہ جمشید کو ماردو جس پر شہزادی نے اپنے شوہر پر گولیاں برسا دیں، مقتول کی والدہ نے کہا کہ شہزادی نے فائرنگ کرکے اپنے شوہر کو قتل کردیا۔

پولیس نے کہا کہ ملزمہ شہزادی کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی جانب سے درج کروائی جانے والی ایف آئی آر میں مزید دو افراد کو نامزد کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ ندا اور ماجد واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں لیکن تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکی۔