پی ڈی ایم کے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

  • February 4, 2021, 9:58 pm
  • Political News
  • 399 Views

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے 6 گھنٹے سے جاری طویل اجلاس میں زیادہ تر گلے شکوے کیے گئے، اجلاس میں پیپلزپارٹی کو وضاحت دینی پڑ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان مکالمہ ہوا، مولانا نے بلاول سے کہا کہ حکومت کے خلاف آپ کی پوزیشن واضح نہیں، بلاول نے جواب دیتے ہوئے مولانا کو کہا کہ کل سے آپ کی پوزیشن بھی واضح نہیں ہے۔

پی ڈی ایم اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں مولانا کے بیان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنے زاویے سے یہ بیان دیا۔

اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر طویل مشاورت کی گئی، اپوزیشن کے درمیان لانگ مارچ، استعفے اور عدم اعتماد کے آپشن پر جائزہ لیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان بھی گفتگو ہوئی، مریم نواز اور بلاول کی مشاورت کی تاحال کوئی بات واضح نہیں ہوسکی۔