کراچی میں دہشتگردی کے بڑے حملے کا خطرہ

  • February 3, 2021, 2:43 pm
  • Breaking News
  • 319 Views

کراچی میں دہشت گردی کے حملے کے بڑے خطرے کے باعث نیکٹا نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں دہشت گردی کے بڑے حملے کا خطرہ ہے ۔ انسداد دہشت گردی کے ادارے نیکٹا (نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی) نے کراچی میں دہشت گردی کے حملے کے خطرے کی حساس اداروں کی رپورٹ پر الرٹ جاری کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد آئندہ دنوں میں اہم سرکاری عمارت پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ شہرکے قریبی علاقے میں بارود سے بھری گاڑی تیار کی گئی ہے جب کہ دہشت گرد خودکش حملے سمیت گاڑی یا رکشے کی مدد سے حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
نیکٹا نے8 جنوری کو بھی کراچی میں دہشت گردی کے حملے کا الرٹ جاری کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کے ادارے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ، رینجرز اور متعلقہ ادارے سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو بھی خطرے سے آگاہ کردیا ہے جب کہ نیکٹا کےتھریٹ الرٹ کے بعد کراچی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔