تنخواہ کیوں مانگی ؟ سفاک مالک نے ملازم کو جلا ڈالا، ملزم گرفتار
- January 28, 2021, 12:07 pm
- National News
- 103 Views
ملتان : مالک نے محض اپنی تنخواہ کا تقاضا کرنے پر گھریلو ملازم کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگادی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی تنخواہ مانگنا بھی جرم بن گیا، ملتان کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں ایک اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مالک نے صرف اس بات پر اپنے ملازم کو مبینہ طور پر اس لیے جلا ڈالا کہ اس نے تنخواہ لینے کیلئے اصرار کیا تھا۔
تنخواہ کا مطالبہ کرنے کی سزا اس کو اس صورت میں ملی کہ پہلے تو سفاک مالک نے غصے میں آکر اس پر بہیمانہ تشدد کیا اور بعد ازاں مبینہ طور پر آگ لگا دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے اور متاثرہ لڑکے ارشاد کو تحویل میں لے کر طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کیا۔
پولیس حکام کے مطابق واپڈا ٹاؤن کے رہائشی عمر اکرم کے گھر ارشاد نامی لڑکا ملازمت کرتا تھا، پولیس تھانہ بی زیڈ نے مقدمہ درج کرکے ملزم عمر کو گرفتار کرلیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔