سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، کیمیکل سے ہیروئن بنانے والے ملزمان گرفتار

  • January 28, 2021, 12:07 pm
  • Breaking News
  • 148 Views

کراچی: سی ٹی ڈی نے کیمیکل سے ہیروئن اور دھماکا خیز مواد بنانے کی گھناؤنی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن نے کراچی میں اہم کارروائی کرتے ہوئے ٹی ٹی پی پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان میں بلال اور صدیق عرف صادق شجاع شامل ہیں، جن کا تعلق خیبرپختونخوا اور صوبہ بلوچستان سے ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان تنظیم کیلئے بیرون ممالک سے ممنوعہ کیمیکل منگواتے ہیں، ایسیٹک اینہائیڈرائیڈ کیمیکل کسی اور نام سے براستہ دبئی، تنزانیہ منگوایا جاتا ہے، اس کیمیکل سے ہیروئن اور دھماکا خیزمواد آئی ای ڈی ایس تیارکی جاتی ہے۔

ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان پاکستان اور افغانستان میں موجود اپنے کارندوں کو یہ کیمیکل فراہم کرتے ہیں، اس گھناؤنے کاروبار میں ملزمان کے دیگر ساتھیوں نے بھی انویسٹمنٹ کر رکھی تھی۔


سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان تنظیم کی مالی معاونت اسمگلنگ کےذریعے بیرون ممالک سے کرتے ہیں، ملزمان تمام کام جعلی کمپنی اور غلط ناموں سےکرتے تھے، جس کے باعث کسٹمز میں مقدمات درج ہونےکے باوجود ملزمان گرفتار نہیں ہوسکے تھے۔