پی آئی اے نے ملائیشیا میں ضبط کیے جانے والا طیارہ ایک ارب سے زائد روپے میں چُھڑوایا
- January 29, 2021, 11:58 am
- Business News
- 120 Views
پاکستان کی قومی ائیر لائن نے ملائیشیا میں ضبط کیے جانے والا طیارہ ایک ارب سے زائد روپے دے کر چُھڑوایا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے ملائیشیا میں ضبط کیے گئے طیارے کو چھڑوانے کے لیے لیزنگ کمپنی کو ایک ارب روپے سے زائد کی رقم ادا کردی ۔ ذرائع کے مطابق مسافر طیارہ پی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ۔
قومی ائیرلائن اور لیزنگ کمپنی کی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت نے کیس خارج کردیا ۔ یاد رہے کہ 15 جنوری کو ملائیشیا میں پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے طیارہ بوئنگ 777 ضبط کر لیا گیا تھا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے 15 جنوری کو کوالالمپور پہنچی تھی۔ جس کے بعد ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پرتحویل میں لے لیا گیا۔
طیارے کے لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لیا گیا تھا۔ پی آئی اے نے 2015ء میں بوئنگ 777 ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔ کوالالمپور سے مسافروں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کو ایک کروڑ روپے خرچ کرنا پڑے تھے۔ جبکہ پاکستان پہنچنے پر مسافروں نے شکایات کیں کہ انہیں کھانا دیا نہ ہی ہوٹل میں رہائش دی گئی ، مسافروں کو زمین پر سونا پڑا ۔
دوسری جانب پی آئی اے نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا ایک طیارہ عدالتی احکامات پر تحویل میں لیا گیا ۔ اس معاملے پر برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التوا تھا۔ پی آئی اے کی جانب سے ملائیشیا میں عدالتی احکامات پر طیارے کو تحویل پر لینا ایک ناخوشگوار صورتحال قرار دیا گیا تھا۔ قومی ایئرلائن پی آئی اے کا تنازعہ والا طیارہ ملائیشیا بھیجنے سے متعلق تحقیقات کا بھی آغاز کیا گیا تھا۔
اس ضمن میں مارکیٹنگ ، انجینئرنگ ، فلائٹ آپریشن سمیت 4 اہم شعبوں کے ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ تاہم دو روز قبل ملائیشیا میں پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لیے جانے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی جب پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے مابین معاملات طے پا گئے جس کے بعد پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کی باہمی رضامندی سے ملائیشیا کی عدالت میں کیس خارج کر دیا گیا تھا، اور ضبط کیا گیا طیارہ پی آئی اے کے حوالے کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے جہاز کو مسافر پرواز کے طور پر آپریٹ کر کے واپس لے کر آئے گی۔