یکم فروری سےملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے،حکومت کا حتمی فیصلہ

  • January 27, 2021, 12:40 pm
  • Education News
  • 207 Views

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں یونیورسٹیوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو یکم فروری 2021ء سے کھول دیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے علاوہ وفاقی اکائیوں کے تمام چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے علاوہ کورونا ویکسین کے حوالے سے انتظامی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم فروری سے ملک بھر کی یونیورسٹیز کے ساتھ پرائمری اور مڈل سکول کھول دیئے جائیں گے۔

ملک کے چاروں بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں جس میں کراچی، حیدر آباد، لاہور اور پشاور شامل ہیں، کے طلبہ 50 فیصد کے حساب سے متبادل حکمت عملی کے تحت حاضر ہوں گے۔

این سی او سی نے کورونا کے حوالہ سے زیادہ شرح کے حامل شہری مراکز میں سخت ایس او پیز کے ساتھ ہفتے میں تین دن کلاسز کی اجازت کے ساتھ اداروں کو کھولنے کی اجازت دی تھی۔

این سی اوسی میٹنگ کے شرکا کو بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تعلیمی اداروں کو کھولنے سے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ نوٹ کیا گیا تاہم محتاط حکمت عملی کے ذریعے اس معاملے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

کورونا ویکسن کے لئے ملک بھر میں مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کوویڈ۔ 19 ویکسین لگانے کے لئے عملے کی تربیت و دیگر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔