پشاور میں دوستی سے انکار کرنے پر 16 سالہ لڑکا قتل

  • January 27, 2021, 11:08 am
  • Breaking News
  • 209 Views

پشاور میں دوستی سے انکار کرنے پر 16 سالہ لڑکا قتل، گل رحمان نامی 16سالہ محنت کش چنگچی ڈرائیور 4 روز قبل لاپتہ ہوگیا تھا، پولیس نے قاتل کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ایک معمولی سی بات پر غریب محنت کش نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔ پشاور پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں چمکنی کے علاقہ شاہ پور میں محض دوستی نہ کرنے پر 16 سالہ محنت کش چنگچی ڈرائیور کو قتل کر دیا گیا۔
گل رحمان نامی 16 سالہ نوجوان چار روز قبل گھر سے اچانک لاپتہ ہو گیا تھا جس کے بعد گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد پولیس نے نوجوان کی تلاش شروع کی جس کے بعد گزشتہ شب اس کی لاش گھر کے قریب سے ہی کھیتوں سے برآمد ہوگئی۔
نوجوان کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے مقتول کے موبائل ڈیٹا کی تفتیش کی اور پھر حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کے قریبی رشتہ دار شیر اکبر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم نے دوران حراست پولیس تفتیش کے دوران گل رحمان کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا۔ قاتل نے بتایا کہ گل رحمان کو دوستی کی پیش کش کی تھی جو اس نے قبول نہ کی، اسی لیے اسے قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا اعترافی بیان ریکارڈ کیا جا چکا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مقتول کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ بھی موصول ہو گئی ہے جس میں نوجوان کیساتھ کسی قسم کی بدفعلی ثابت نہیں ہوئی۔ مزید بتایا گیا ہے مقتول گل رحمان ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور چنگچی چلا کر گھر والوں کا پیٹ پال رہا تھا۔ نوجوان کو قتل کر کے غریب گھرانے سے اس کا واحد کفیل چھین لیا گیا۔