بلوچستان کو کراچی طرز کا پیکیج ملے گا، عامر محمود کیانی

  • September 23, 2020, 2:01 pm
  • National News
  • 167 Views

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عامرمحمود کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کیلئے جلد ہی کراچی طرز کے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ہر کوئی اپنے علاقے میں ترقی کے کام کرانا چاہتا ہے تاکہ ان کے مسائل حل ہوسکیں، وزیراعظم عمران خان بھی صوبے کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور بلوچستان کیلئے جلد ہی کراچی طرز کے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ ہماری دو سال کی حکومت کا 70سال سے موازنہ نہ کیا جائے، ہم نے کورونا وبا کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور اس پر قابو پایا، ہم نے برآمدات بڑھائی ہے، اسٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی ہے، جہاں تک مہنگائی کا تعلق ہے اس میں کمی لائیں گے اور لوگوں کو سستے داموں آٹا چینی فراہم کریں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف تو جمہوریت کے قاتل ہیں، انہوں نے ہی بے نظیر بھٹو اور یوسف رضا گیلانی کی جمہوری حکومتوں کے خلاف سازش کی، کل تک یہ لوگ ایک دوسرے کے خلاف تھے آج اپنی کرپشن چھپانے کے لئے سب اکٹھے ہوگئے ہیں، نواز شریف کے بیٹے 700 کروڑ کے مکانوں میں لندن میں رہتے ہیں، نواز شریف نے تو عدالت کے سامنے بھی جھوٹ بولا یہی حال ان کے قطری خط کا ہے۔