افغانستان سے کی جانے والی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید

  • September 22, 2020, 3:19 pm
  • Breaking News
  • 174 Views

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا ہے. پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق رات گئے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 24 سالہ سپاہی صابر شاہ نے جام شہادت نوش کیا آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان مسلسل سرحد کی دوسری جانب سرحدی انتظامات کا معاملہ اٹھا رہا ہے تا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکا جاسکے.
واضح رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا قبل ازیں 5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے.
اس ضمن میں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھاکہ افغانستان سے کام کرنے والے دہشت گردوں نے بدھ کی سہ پہر بنشاہی سیکٹر میں پاکستانی چوکیوں پر مارٹر اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی دفتر خارجہ نے افغان فورسز کی بلا اشتعال جارحانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ واقعہ اسی دن ہوا جب افغان فوج سے درخواست کی گئی کہ وہ سرحد پار سے فائرنگ کے معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے بنشاہی میں اجلاس منعقد کریں.
قبل ازیں 29 جولائی کو باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں لانس نائیک سمیع اللہ نے جام شہادت نوش کیا اس سے قبل 17 جولائی کو ضلع باجوڑ میں پاک افغان باڈر پر سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں 3 پاکستانی شہری شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے تھے. علاوہ ازیں گزشتہ برس اکتوبر میں سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوانوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے 20 ستمبر 2019 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں پاک‘افغان سرحد پر آئی ای ڈی (امپرووائڈ ایکسپلوزو ڈیوائس) کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے پاک فوج کا میجر اور سپاہی شہید ہوگیا تھا.
مذکورہ واقعے سے چند روز قبل 15 ستمبر 2019 کو مغربی سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے علاقے اباخیل میں گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز پر شدت پسندوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں بلتستان کے رہائشی 23 سالہ سپاہی اختر حسین نے جام شہادت نوش کیا جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو شرپسند مارے گئے تھے. اسی روز دیر میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں مصروف پاک فوج کے جوانوں پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 اہلکار شہید اور ایک شدید زخمی ہو گیا تھا.