شہباز شریف نے اپوزیشن کی آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کردی

  • September 22, 2020, 3:16 pm
  • Political News
  • 138 Views

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حزب اختلاف کی آل پارٹیس کانفرنس سے قبل آرمی چیف سے ملاقات کی تصدیق کردی ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ اب جبکہ خبر سامنے آگئی ہے تو میں انکار نہیں کرتا کہ اپوزیشن کی اے پی سے سے ایک رات قبل آرمی چیف سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں دیگر پارلیمانی لیڈرز بھی موجود تھے جہاں میں بھی شریک تھا ۔
قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ ہماری جماعت مسلم لیگ ن کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ، میں جیل میں رہوں یا باہر اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا ۔ دوسری طرف ملک کی طاقتور اور اہم ترین شخصیت کے عشائیے میں اپوزیشن رہنماؤں کی شرکت کا احوال سامنے آگیا ، سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ ان شخصیات نے کہاکہ اے پی سی کی کوئی اہمیت نہیں، حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں،5سال پورے کرے گی، شہبازشریف خاموش رہے، لیکن بلاول بھٹو نے حکومت مخالف ساری باتیں کیں،عشائیے کے اختتام پر وزیراعظم بھی آگئے۔
انہوں نے اپنے تبصرے میں کہا کہ اپوزیشن کی کل اے پی سی ہوگی، نوازشریف نے اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ بنا لیا ہے، اب یوٹیوب چینل بھی بنا رہے ہیں، شیخ رشید کہہ رہے ہیں کہ میری بلاول بھٹو، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ، ن لیگ سے ش لیگ نکلے گی۔ میری مولانا فضل الرحمان کے بیٹے سے ملاقات ہوئی ان کو کہا اپنے والد کو سمجھاؤ۔ شیخ رشید کی یہ ملاقات ان سیاسی شخصیات سے اہم ترین طاقتور شخصیات کے گھر پرعشائیے میں ہوئی،یہ وہی شخصیات ہیں جنہوں نے دھرنے سے قبل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔
شرکاء میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، شیریں رحمان، خواجہ آصف ، مولانا محمود، صادق سنجرانی، شاہ محمود قریشی اور عشایئے کے اختتام پرجب اپوزیشن کے مہمان چلے گئے تو وزیراعظم عمران خان بھی آگئے۔ ایک دو روز پہلے کی بات ہے ،جب عشائیہ ہوا۔عشائیے میں شہبازشریف خاموش رہے، ان شخصیات نے کہا کہ اے پی سی بالکل بھی نہیں ہوگی،حکومت پانچ سال چلے گی، ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔