پاکستان میں برفباری کا آغاز ہوگیا

  • September 5, 2020, 9:48 pm
  • Weather News
  • 210 Views

پاکستان میں برفباری کا آغاز ہوگیا، گلگلت بلتستان کے اسکردو ریجن میں دیوسائی کے علاقے اور بلند و بالا پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاں ملک ک بیشتر علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، وہیں شمالی ریجن میں برفباری کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔
گلگلت بلتستان کے ضلع اسکردو میں جمعہ کے روز برفباری ہوئی۔ مشہور علاقے دیوسائی اور بلند و بالا پہاڑوں نے جمعہ کے روز سفید چادر اوڑھ لی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ عمومی طور پر ان علاقوں میں 15 ستمبر کے بعد برفباری کا آغاز ہوتا ہے، تاہم اس مرتبہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے ہی برفباری کا آغاز ہوگیا۔
برفباری کے آغاز کے بعد علاقے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

جبکہ برفباری کے علاوہ اس علاقے میں بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے، جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورتحال میں ان علاقوں کا رخ نہ کریں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں معمول سے زیادہ اور مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ ستمبر میں ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے۔ بارشوں کی وجہ سے شمالی علاقہ جات میں موسم سرد ہو جائے گا۔ جبکہ پنجاب اور سندھ میں سیلاب کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔