آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کی مناسبت سے نغمہ جاری کردیا

  • September 5, 2020, 9:41 pm
  • National News
  • 233 Views

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نغمہ جاری کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یوم دفاع کی مناسبت سے نغمہ جاری کیا گیا۔

ہر گھڑی تیار کامران کے نام سے یہ نغمہ 80 کی دہائی میں بنائے گئے ایک پرانے نغمے کا ری میک ہے۔ نغمے کو علی عظمت، علی نور، عاصم اظہر اور علی حمزہ نے گایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع و یوم شہدا کے حوالے سے ٹویٹ میں شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج دفاع وطن کے لیے پرعزم ہیں۔



خیال رہے کہ کل 6 ستمبر کو ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا۔

یوم دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی کی دعائیں مانگی جائیں گی۔

شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب بھی منعقد ہوگی۔