جواد احمد کا وزیراعظم کی جانب سے عاصم سلیم باجوہ کا استعفٰی منظور نہ کیے جانے پر سخت ردعمل

  • September 5, 2020, 9:24 pm
  • National News
  • 144 Views

وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کا استفعیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا،وزیراعظم نے کہا تھا کہ مبینہ اثاثہ جات کے معاملے پر عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے دی گئی وضاحت سے مطمئن ہوں،انہوں نے جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان کو اس فیصلے پر بعض لوگوں کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے بھی سخت ردعمل دیا تھا اور اب چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے بھی اس معاملے پر انتہائی سخت ردعمل دیا ہے۔جواد احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج تک عمران خان سے زیادہ جھوٹا، خودغرض، بزدل اور بے شرم حکمران نہیں دیکھا۔



قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ کے استعفے کے حوالے سے ردعمل دیا گیا تھا۔



مریم نواز نے جمعہ کے روز بذریعہ ٹوئٹ اپنا ردعمل دیا۔ نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ احتساب کا بیانیہ اپنی موت آپ مر گیا۔ استعفی منظور کر لیتے تو خود بھی مستعفی ہونا پڑ جاتا۔ این آر او کیوں اور کیسے دیا جاتا ہے، کس کو دیا جاتا ہے، ایک دوسرے کو دیا جاتا ہے، قوم کو سمجھانے کا شکریہ۔ جواب تو پھر بھی دینا پڑے گا ! اب لو گے احتساب کا نام ؟۔
واضح رہے کہ عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، چئیرمین سی پیک اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ صرف ایک عہدہ رکھ کر سی پیک منصوبے پر بھرپور توجہ دوں ، اسی لیے معاون خصوصی اطلاعات کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عاصم سلیم باجوہ کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جو ثبوت اور وضاحت پیش کی گئی اس سے مطمئن ہوں۔