ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات،قبر کشائی کے لیے خط

  • September 4, 2020, 3:26 pm
  • National News
  • 127 Views

کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا علی کی قبرکشائی کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے ڈاکٹر ماہا علی کی قبر کشائی کے لیے سیشن جج میر پور خاص کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کیس میں تحقیقات کے لیے قبر کشائی ضروری ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 18 اگست کو ڈاکٹر ماہا سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوئیں،اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹر ماہا انتقال کر گئیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال میں میڈیکل رپورٹ ڈاکٹر عرفان نے غلط بنائی،ڈاکٹر عرفان،جنید اور وقاص کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق گولی بائیں جانب سے لگی اور دائیں طرف سے نکلی، ڈاکٹر ماہا کی موت سے متعلق اس کے والد نے سوال اٹھائے ہیں۔

پولیس کی دو رکنی تفتیشی ٹیم قبر کشائی کے لیے کراچی سے روانہ ہوگئی، ٹیم آئی او شرافت علی اور ایس آئی او چوہدری امانت علی پر مشتمل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجسڑیٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کی جائے گی۔