شمالی وزیرستان؛ سیکیورٹی فورسز پردہشت گردوں کے حملے میں افسر سمیت 3 اہلکارشہید

  • September 4, 2020, 3:24 pm
  • Breaking News
  • 225 Views

راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی دہشت گردوں کے نصب کردہ دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں افسر سمیت تین اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سڑک کنارے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) نصب کیا تھا۔ آئی ای ڈی دھماکا گیریژن سیکٹر میں شگانشپا روڈ کے مقام پر ہوا۔سیکیورٹی فورسزکے جوان گھریوم میں سڑک تعمیرکرنے والی ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمے داریوں پر مامور تھے،ڈیوٹی کے دوارن ان کی گاڑی نصب کردہ بارود سے ٹکرا گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ناصرحسین ،نائک محمدعمران اور سپاہی عثمان اخترشہید جب کہ دیگر چار سیکیورٹی اہل کار زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسزنےجائےحادثےکوگھیرےمیں لےلیا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ ناصر حسین شہید ایک ہونہار کیڈٹ تھا۔ انہوں نے پی ایم اے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بہترین کارکردگی پر لیفٹیننٹ ناصر حسین شہید کو تربیت مکمل کرنے کیلئے رائل ملٹری اکیڈیمی ڈنٹرون آسٹریلیا بھیجا گیا تھا۔