وفاق نے کراچی کے لیے جو وعدہ کیا وہ اربوں روپے کے فنڈز کہاں ہیں ؟ شہباز شریف

  • September 2, 2020, 12:12 pm
  • Political News
  • 172 Views

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل پر سیاست نہ کی جائے ، بارشوں نے کراچی کو بہت متاثر کیا کراچی کے حالات دیکھ کر یہاں آیا ہوں ، حکومت کراچی میں بارش متاثرین کو معاوضہ دے ، وفاق نے جو وعدہ کیا وہ اربوں روپے کے فنڈز کہاں ہیں ، میرا نہیں خیال کہ وفاق نے سندھ کو ایک روپیہ بھی دیا ہو ، کراچی جب پانی میں ڈوبا ہوتو سیاست نہیں کرنی چاہیئے ، سیاست نہ کی گئی ہوتی تو آج کراچی کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے ۔
کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اہل کراچی اور اندرون سندھ کے بہن بھائیوں سے تعزیت کیلئے آیا ہوں ، غریب امیر سب سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں ، جن کے گھر ، سامان اور فصلیں تباہ ہوئیں انہیں امداد ملنی چاہیئے ، جن لوگوں کے گھروں میں بجلی پانی نہیں ان کے مسائل حل کیے جائیں ، ہم کراچی کی روشنیوں کو بجھنے نہیں دیں گے ، پورے پاکستان کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق قبل ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہونے والے شہر قائد کے دورے پر کراچی پہنچے ، جہاں دورے میں مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وفاقی وزیر احسن اقبال اورسابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ اس دورے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اپنے دورے میں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جائیں گے اور بارشوں سے متاثرین سے ملیں گے جبکہ اپنے اس دوران قائد حزب اختلاف سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے ، کراچی میں اپنے قیام کے دوران اپوزیشن کی معروف سماجی رہنما فیصل ایدھی سے بھی ملاقات شیڈول کا حصہ بتائی گئی ہے ۔