خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 5 افراد جاں بحق، 20زخمی

  • September 2, 2020, 12:11 pm
  • Weather News
  • 180 Views

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، چوبیس گھنٹوں سے جاری بارشوں کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے،مانسہرہ میں مکان کی چھت گرگئی ایک ہی خاندان کے4افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی،مالا کنڈ اور گردو نواح میں بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا، سیلاب سے چکدرہ دریا میں بجلی کے14کھمبے گر گئے علاقے میں بجلی منقطع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب خدشے کے پیش نظر دریائے سوات پر خیالی پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، سیاحوں کے کمراٹ جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور خراب موسم کے باعث ملک بھر کے سیاحوں کو واپس بھج دیا گیا جبکہ وادی کالام میں پھنسے 500سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا،چارسدہ میں دریاؤں کے قریب رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے،شاہ کوٹ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سوات موٹر وے کو بند کردیاگیا ہے،دریائے سوات میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلا فضا گھٹ پارک کا ایک حصہ بہا کر لے گیاجہاں خوازہ خیلہ کے مقام پر 30 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے،متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں،عوام کو ہدایت کی گئی ہے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن1700پریا انتظامیہ کو دیں،بونیر میں متاثرہ افراد میں امدادی سامان کی تقسیم کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا، رجوعیہ سڑک پانی میں بہہ گئی جس سے رجوعیہ کا حویلیاں اور دیگر علاقو سے رابطہ منقطع ہوگیا،پل کی بندش سے پشاور اور چارسدہ کا ربطہ منقطع ہوگیا۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگے ۔ وزیراعلیٰ نے پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے حکام اور صوبے بھر کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو بارش کے دنوں میں مکمل طو پر الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے اپنی تمام تیاریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضلاع کی سطح پر ریسکیو اداروں کو پوری طرح متحرک کر دیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جائے۔
اُنہوںنے متعلقہ محکموں کو صوبے میں سیلابی ریلوں سے متاثرہ رابطہ سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تمام محکمے اور ادارے سے مربوط اقدامات اُٹھائیں۔