شمالی وزیرستان میں ایم پی اے پر قاتلانہ حملہ

  • August 31, 2020, 10:26 am
  • National News
  • 113 Views

شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں ایم پی اے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، میر کلام فائرنگ سے محفوظ رہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد ایم پی اے میر کلام وزیر کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، فائرنگ سے ایم پی اے محفوظ رہے۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ میر کلام وزیر کو پولیس کی حفاظت میں بنوں پہنچا دیا گیا۔

ایم پی اے میر کلام وزیر نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا اور پی کے 112 نارتھ وزیرستان 2 سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایم پی اے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ چار روز قبل کراچی کے علاقے لیاری میں رات گئے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کے گھر پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، مسلح ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔

جماعت اسلامی لیاری کے ایم پی اے سید عبدالرشید کے مطابق موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوئے، سید عبدالرشید فیملی کے ہمراہ محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں کوئی دھمکی نہیں تھی تاہم کرپشن کیخلاف آواز اٹھانے پر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ گھر کے باہر دو فائر ہوئے تھے، پولیس کو خول مل گئے۔ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ لیاری سے ایم پی اے ہوں یہاں مسائل بہت زیادہ ہیں اسی پر آواز اٹھاتا ہوں، اس طرح کے بزدلانہ حملے لیاری کی عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتے۔