کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ! پھر موسلادھار بارش کی پیشگوئی

  • August 29, 2020, 8:37 pm
  • Weather News
  • 169 Views

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل اور پیر کوگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے ، جس کے باعث ایک بار پھر اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا نیا سسٹم آج سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث مشرقی سندھ کے علاقوں میرپور خاص، تھرپارکر اور دیگر اضلاع میں آج سے پیر تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیا اسپیل کراچی میں اتوار سے پیر تک اثرانداز ہوگا، شہر قائد میں کل اور پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ آج شام میں بوندابا ندی اور ہلکی بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کے باعث کراچی،حیدرآباد،ٹھٹھہ،میرپورخاص اوربدین میں ایک بار پھراربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے کہیں تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

خیال رہے کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 18 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شام تک 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کا کام اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں سول انتظامیہ کے ساتھ فوجی جوان بھی شریک ہیں۔

سندھ حکومت نے بارش کے سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر جمعے کو تعطیل کا اعلان کیا تھا جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ’رین ایمرجنسی‘ بھی نافذ ہے۔