مریم نوازبیٹیوں کی طرح عزیزہے، رائیونڈ نہ جانے کا تاثردرست نہیں، مولانا فضل الرحمان

  • August 28, 2020, 2:16 pm
  • National News
  • 92 Views

جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مریم نوازبیٹیوں کی طرح عزیزہیں، وہ بڑی ہمت اور بہادری کے ساتھ نہایت مشکل حالات کا مقابلہ کررہی ہیں، نیب میں پیشی کے وقت ان پر کیا جانے والا حملہ بزدلانہ کارروائی تھی جس پر سب سے پہلے آواز اٹھائی اور مریم بیٹی سے بات بھی کی۔
مولانا فضل الرحمان نے ایک صحافی کی طرف سے دیے گئے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں کہ میں نے کسی خاص وجہ سے رائیونڈ جانے سے گریز کیا، سیاسی حوالے سے بات چیت پارٹی کے صدر شہباز شریف سے رہتی ہے، اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے وقت اس طرح کی باتوں سے اجتناب ہی کیا جائے تو اچھا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا تھا، ملاقات میں اس مسئلے پر بھی غور کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلوں کو کم کیا جائے. ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا تھا کہ تمام جماعتوں کو اکٹھا کرکے مشاورت کریں گے ہم سب مل کر بیٹھ کراے پی سی بلائیں گے، اے پی سی ہوگی اور ضرور ہوگی اس کے متعلق رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کریں گے. اس موقع پر مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ باہمی مشاور ت سے مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے موجودہ صورتحال کاتقاضہ ہے کہ ہم باہمی تحفظات کودور کریں، حکومت کے خلاف تحریک کے لیے اتفاق رائے ہے اپوزیشن مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی بنائے گی اپوزیشن کی تقسیم ملک کے مفاد میں نہیں مشترکہ اور مستحکم حکمت عملی ضرورت ہے،حکومت کے خلاف تحریک پر ہماری یکسوئی ہے.