غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم،درست وولٹیج میں بجلی فراہم کی جائے،پشتونخوامیپ

  • August 28, 2020, 10:51 am
  • National News
  • 111 Views

کوئٹہ( پ ر) پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں کوئٹہ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، وولٹیج کی کمی، فیڈرز پر غیر منصفانہ بجلی کی ترسیل کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ درست وولٹیج میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بناکر شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں واپڈا کی جانب سے ایک بار پھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ،کم وولٹیج میں مختلف فیڈرز پر بجلی کی ترسیل، وولٹیج کی کمی وتیزی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث صارفین وشہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مختلف فیڈرز پر بار بار بجلی کی لائن ٹرپ ہونے ، بجلی کی کمی وتیز وولٹیج میں ترسیل سے گھریلو الیکٹرونک سامان مشینریوں اور ٹیوب ویلز کی مشین ، پانی کی موٹرز جل گئے ہیں، وہی دوسری جانب ٹیوب ویلز کی بندش کے باعث ہر علاقے میں پانی کی قلت پیدا ہوچکی ہے ۔ جبکہ پشتون آباد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی وولٹیج ولوڈشیڈنگ سے علاقہ مکین شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ دنوں کی بارش کے بعد مختلف حیلے وبہانوں کے ذریعے عوام پر دن رات تاریکی مسلط کی جارہی ہے حالانکہ حکام کو پہلے ہی سے شہریوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا جاچکاہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ بجلی کی درست وولٹیج میں فراہمی اور تمام فیڈرز پر منصفانہ تقسیم کو یقینی بناکر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے ۔