کراچی میں بجلی کی فراہمی 15 گھنٹوں بعد بھی بحال نہ ہوسکی

  • August 28, 2020, 10:31 am
  • Breaking News
  • 129 Views

کراچی : کےالیکٹرک کا نظام بھی بارش کے پانی کے ساتھ بہہ گیا، شہر کے بیشتر علاقوں میں15گھنٹے بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد جہاں لوگ نکاسی آب کی وجہ سے پریشان تھے تو دوسری جانب کے الیکٹرک نے بھی کسر نہ چھوڑی اور شہریوں کو رات بھر اندھیرے میں رکھا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے متعدد علاقوں میں15 گھنٹوں سے زائد بجلی کی فراہمی معطل ہے، کےالیکٹرک کا نظام بھی بارش کے پانی کے ساتھ بہہ گیا۔

بارش کے بعد کے الیکٹرک کے درجنوں فیڈرز اور پی ایم ٹیز ٹرپ ہوگئیں،جس کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر کراچی اندھیرے میں ڈوب گیا، شہر میں کےالیکٹرک کے70 سے زائد کیبلز میں فالٹس ہوئے۔

شہرکے 30فیصد علاقوں میں 15 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہوسکی، نشیبی علاقوں میں کےالیکٹرک کے سب اسٹیشنز میں پانی داخل ہوگیا، لیاری، شاہ فیصل، ملیر، سعود آباد، نارتھ کراچی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق گلستان جوہر بلاک ،گڈاپ، کاٹھور، شادمان ٹاؤن، بزرٹا لائن میں بجلی غائب ہوگئی جبکہ گلبرگ ،ناگن چورنگی، ایف سی ایریا، بفرزون، کے بی آر اسکیم کے مکین رات بھر بجلی سے محروم رہے۔

ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹاؤن، شیر شاہ، نیو کراچی، خواجہ اجمیر نگری، اورنگ آباد، پاپوش نگر، پی ای سی ایچ ایس بلاک سکس اور ڈی ایچ اے میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اس کے علاوہ کلفٹن، لانڈھی،کورنگی، قیوم آباد، اختر کالونی، اورنگی میں بجلی کی فراہمی رات سے معطل ہے جبکہ کیماڑی اولڈ سٹی ایریا، جیکب لائن،گارڈن اور لیاقت آباد میں بھی بجلی کی فراہمی تاحال نہیں ہوسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے مختلف گرڈ اسٹیشنوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے نارتھ کراچی، گارڈن، ایف بی ایریا، بن قاسم ، گڈاپ،ڈیفنس کے گرڈ اسٹیشنوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔