بلوچستان: بارش، سیلابی صورتحال پیدا

  • August 27, 2020, 1:29 pm
  • Weather News
  • 161 Views

بلوچستان میں ایک بار پھر بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے،رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ گنداواہ میں سیلابی ریلا داخل ہوگیا ہے۔

بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے اور جھل مگسی میں دریائے مولہ میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

گنداواہ کے کئی دیہات ہتھیاری، نورانی، گھاترا، زیرینہ کوٹڑہ، خدا بخش رند، شربت خان لاشاری، لعل محمد لاشاری ، آخوندانی، کھجانی میں سیلاب آگیا ہے مال مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں اور راستے بند ہوگئے ہیں۔

چند روز قبل مرمت ہونے والا مچھ پل پھر ٹوٹ گیا ہے۔ اوتھل میں ندی بھپر گئی،کوئٹہ سے سندھ جانے والا بولان پل بند ہے۔

ژوب میں سیلابی ریلے کے باعث خیبرپختونخوا جانیوالی سڑک عارضی طور پر بند ہے۔

ہرنائی کا زمینی رابطہ بھی دیگر علاقوں سے منقطع ہے، ادھر ضلع خضدار کی حدود میں واقع علاقے 'انی دان' میں چھوٹا سوڑ ڈیم ٹوٹ گیا ہے اس ڈیم کا پانی حب ڈیم آنے والے برساتی ریلوں میں شامل ہوگیا ہے۔

مسلسل پانی آنے سے حب ڈیم میں پانی کی سطح تین سو پینتیس فٹ تک پہنچ گئی ہے ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنےکی گنجائش تین سو انتالیس فٹ ہے اور صرف چار فٹ پانی آنے کے بعد ڈیم مکمل پانی سے بھرجائے گا پھر اسپل وے سے پانی کا اخراج شروع ہوجائے گا۔