دھمکی آمیز کالز کے بعد راولپنڈی میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی

  • August 27, 2020, 1:17 pm
  • Breaking News
  • 188 Views

دھمکی آمیز کالز کے بعد راولپنڈی میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی۔جنگ اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز کال کے بعد راولپنڈی میں سیکیورٹی اداروں کو مزید الرٹ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی سب راولپنڈی کینٹ کے حساس علاقے میں واقع تھانہ آر اے بازار میں ایک کال موصول ہوئی جو ڈیوٹی پر موجود نائٹ محرر ہیڈ کانسٹیبل نے سنی،نامعلوم کالر نے پشتو لہجے میں گفتگو کی اور 7 سے 10 محرم کے دوران ٹینچ بھاٹہ بازار اور راجہ بازار اڑانے کی دھمکی دی اور یہ دھمکی اس نے تین بار دہرائی۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے اضافی انتظامات کرنے کے بارے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ ہدایات بعض وجوہات کی بنا پر مکمل محرم سیکیورٹی پلان جاری ہونے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب کے ذریعے جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ عزاداری کے پروگراموں کی جگہ سے 20 تا 25 کلو میٹر دور چیکنگ بیریئر لگائے جائیں اور ہر شخص کی فزیکل چیکنگ کی جائے عزادری کے پروگرام کی جگہ سے کم از کم 200 میٹر دور کار پارکنگ بنائی جائے اور اے کیٹگری کی مجالس میں شریک ہونے والے ہر شخص کی امام بارگاہ کے دروازے پر ویڈیو فلم بنائی جائے اور اس کی سی سی ٹی وی کیمرہ کوریج کی جائے۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے امام بارگاہوں میں ہینڈ بیگز لے کر داخل ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے اور حساس مقامات پر واک تھرو گیٹ لگانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے اور مزید ہدایت کی ہے کہ لنگر نیاز اور کھانوں کی تقسیم محکمہ صحت کے حکام کی چیکنگ کے بعد کی جائے اور عزاداری کے پروگراموں کے اوقات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔