بلوچستان کے تمام اضلاع میں ایک ماہ کے اندر لوکل و ڈومیسائل کی جانچ پڑتال کی جائے، چیف جسٹس بلوچستان

  • August 21, 2020, 12:14 pm
  • National News
  • 135 Views

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس حمید بلوچ پر مشتمل بینچ کے رو برو لوکل اور ڈومیسائل کے اجراء و دیگر سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار دوست محمد مندوخیل ایڈووکیٹ کے کونسل عبدالواحد کاکڑ ایڈووکیٹ اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر ایڈووکیٹ و دیگر پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان کی عدم پیشی برہمی کا اظہار کیا اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی کہ وہ ایک ماہ کے دوران تمام لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کی جانچ پڑتال کرے جبکہ تمام ڈویژنز کے کمشنرز اس عمل کی نگرانی کرے اور ایک ماہ بعد ڈویژنز کے کمشنرز عدالت میں پیش ہو کر رپورٹ جمع کرے اور بتائیں کہ کتنے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جعلی اور کتنے درست پائے گئے ہیں۔عدالت نے ہدایت کی کہ جن لوگوں کے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جعلی ہیں انہیں ان کے ایڈریسز پر نوٹسز جاری کرکے طلب کیا جائے اور جعلی لوکل و ڈومیسائل سرٹیفکیٹس منسوخ کئے جائیں۔ بعد ازاں بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت 23ستمبر تک کے لئے ملتوی کردی۔