فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں ہزاروں روپے کمی ہوگئی

  • August 21, 2020, 11:53 am
  • Business News
  • 739 Views

فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں ہزاروں روپے کمی ہوگئی، تفصیلات کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں کمی ہوگئی ہے۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2300 روپے اور 1972 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر 1 لاکھ 20 ہزار روپے جبکہ دس گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد 1 لاکھ 2ہزار 881 روپے ہوگئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 20 ڈالر کی کمی ہوگئی اور فی اونس قیمت کم ہوکر 1985 ڈالر کی سطح پرآگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک بار پھر2900 روپے اضافہ ہوگیاتھا جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ 22 ہزار 300 روپے ہو گئی تھی۔ دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوا ہے تاہم سٹا ک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان ہی دیکھنے میں آیا ۔

تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد ڈالر 168 روپے 29 پیسے پر بند ہو گیاہے ۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی آج معمولی مندی دیکھنے میں آئی ہے ، کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 40 ہزار 184 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر کے بعد اس میں اضافہ ہوا اور انڈیکس 40 ہزار 424 پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور انڈیکس نے واپسی کا سفر شروع کر دیا ۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 29 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور مارکیٹ 40 ہزار 154 پوائنٹس پر بند ہو گئی ۔آج سٹاک مارکیٹ میں 248,937,661 حصص کا لین دین ہوا جس کی مالیت 14,424,755,606 رہی ۔