محکمہ ایکسائز میں ملازمین کو فارغ کرنا قبول نہیں،ایپکا

  • August 20, 2020, 1:32 pm
  • National News
  • 150 Views

کوئٹہ: آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) ایکسائز یونٹ کے صدر زاہد بلوچ محمد حسنی نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کے2011 میں بھرتی کیے گئے سینکڑوں ملازمین کو ایک بار پھر فارغ کر دیا گیا ہے عدالتی حکم میں جو انکوائری کا وقت دیاگیا تھا اس کے ڈیڑھ سال بعد ملازمین کو فارغ کرنے کا مقصد صاف نظر آرہا ہے کہ یہ بدنیتی پر مبنی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کو عرصہ دس سال سے تین بار فارغ اور پھر بحال کیا جاتا رہا ہے جس کی وجہ سے تمام ملازمین حکومت کی طرف سے دی گئی عمر کی بالائی حد سے بھی گزر چکے ہیں اور سا تھ ہی ملازمین نفسیاتی مریض بن چکے ہیں تبدیلی سرکار نے اسی طرح کا ملازمین کش بم بی ایم سی کے ملازمین پر بھی گرایا جب بی ایم سی کے ملازمین نے اس زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی تو اکثر ملازمین کی تنخواہ بندکردی گئی۔اور ساتھ میں ملازمین اور ان کے حق کے لیے آواز اٹھانے کی پاداش میں حاجی عبداللہ صافی کو نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفیکیشن دیاہم ایپکا بلوچستان کے تمام عہدیداران و کارکنان بی ایم سی کے مسئلے میں بھی ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایکسائز ملازمین کے ساتھ جو اب محکمہ کرنے جا رہاہے اس کے خلاف بھی ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔