پنجاب میں بارشوں سے تباہی، 17 جاں بحق

  • August 20, 2020, 1:09 pm
  • Weather News
  • 124 Views

پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف شہروں میں کرنٹ لگنے، مکانوں کی چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 17 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔

لاہور میں موسلا دھار بارش سے ایک بار پھر شہر تیر گیا، اہم سڑکیں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

لاہور، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد اور شیخو پورہ میں چھتیں گرنے سے ماں بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔

فیصل آباد اور ظفر وال میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان سے گئے، چکوال کے قصبے بھال میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور جان سے گئے، واقعے میں 5 مزدورو زخمی ہوئے ہیں۔

منڈی بہاء الدین کے علاقے پھالیہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اور اس کے 4 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

لاہور کی ابراہیم کالونی میں گھر کی دیوار گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔

چکوال کے قصبے بھال میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مٹی کا تودہ کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کے کمرے پر گرا۔

شیخو پورہ میں ملیاں کلاں مریدکے روڈ پر بھی خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے بچہ اور خاتون جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔

فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فیصل آباد اور ظفر وال میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 2افراد ہلاک ہوئے ہیں

گوجرانوالہ کے علاقے حافظ آباد روڈ پر محنت کش کے مکان کی چھت گرنے سے بہن بھائی زخمی ہو گئے۔

لاہور میں موسلا دھار بارش سے ایک بار پھر شہر تیر گیا، سب سے زیادہ 189 ملی میٹر بارش لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی۔

لاہور کے دیگر علاقوں تاج پورہ میں 176، گلشنِ راوی میں 160 اور سمن آباد میں 153 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہر میں نکاسیٔ آب کے لیے واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں، ادارے کی جانب سے 3 گھنٹوں میں تمام نشیبی علاقے کلیئر کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راول پنڈی، مری، قصور، گجرات، ملکوال، منڈی بہاء الدین، جہلم، مانسہرہ اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی بادل جم کر برسے ہیں۔