شرپسند و اشتعال انگیز عناصر کیخلاف کارروائی ہوگی، آئی جی ایف سی

  • August 19, 2020, 3:18 pm
  • National News
  • 153 Views

کوئٹہ: انسپکٹر جنر ل فر نٹئیر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بین المسلمین ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، شرپسندو اشتعال انگیز عناصر کی نشاندہی پر انکے خلاف بلاخوف و امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائیگی، یہ بات انہوں نے منگل کو محرم الحرام کی سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انسپکٹر جنر ل فر نٹئیر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ کی زیر صدارت محرم الحرام کی سیکورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں شیعہ و سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، ایف سی،پولیس، سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، اجلاس کے شرکاء کو ایف سی حکام کی جانب سے محرم الحرام کی سیکورٹی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں شرکاء نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے سلسلے میں تمام مکتبہ فکر ایک دوسرے کا بھر ساتھ دیں انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز تقریروں اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال سے بچتے ہوئے ایک دوسرے کے جذبات کو مجروح کرنے سے گریز کیا جائے اور فرقہ وارنہ نفرت اور گربڑ پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کی بروقت نشاندہی بھی کی جائے تاکہ ایسے عناصر اور شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے پویس اور ایف سی شرپسند عناصر کے خلاف بلاخوف و امتیاز کاروائی کریگی، اجلاس میں اس امر پر اتفاق رائے پایا گیا کہ محرم الحرام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کسی کوبھی اسلحہ اور ہتھیار رکھنے یا اس کی نمائش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اجلاس کے شرکاء نے ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔