سکھر: مگرمچھ 8 سالہ بچی کو کھا گیا

  • August 18, 2020, 11:41 am
  • National News
  • 197 Views

سکھر کی نارا کنال کے قريب مگرمچھ نے 8 سالہ بچی پر حملہ کرديا۔ انتظاميہ 6 گھنٹے بعد مدد کو پہنچی ليکن بچی کی لاش بھی نہيں ملی۔ لواحقين نے دعویٰ کيا کہ مگر مچھ نے بچی کو نگل ليا ہے۔

سکھر سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ زاہدہ کے والد گلبہار خاصخيلی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نارا کنال میں دیگر بچیوں کے ساتھ کپڑے دھو رہی تھی کہ اچانک کنال سے مگر مچھ نکل آيا اور بچی کو دبوچ کر لے گیا۔

واقعے کے 6 گھنٹے بعد انتظامیہ کو ہوش آیا اور مختیارکار اور ایس ایچ او جائے وقوعہ پر پہنچے، جس کے بعد غوطہ خوروں کی مدد سے بچی کی تلاش کا کام شروع کیا گیا مگر ہفتہ کی صبح تک بچی کی لاش نہ مل سکی۔

نمائندہ سما ساحل جوگی کے مطابق اس علاقے میں کسی انسان پر مگرمچھ کی جانب سے حملے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

علاقے میں لوگوں کو مگرمچھ کی اطلاع تو ہے، تاہم اس سے بچاؤ کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے۔ واقعہ میں متاثر ہونے والا خاندان کنال کے قریب ہی آباد ہے،جسے اپنے گزر اوقات کیلئے اس جانب آنا پڑتا ہے۔