آرمی چیف کی سعودی نائب وزیرِ دفاع سے ملاقات

  • August 18, 2020, 10:30 am
  • National News
  • 90 Views

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران سعودی نائب وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیرِ دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کے دوران دفاعی تعاون، خطے کی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز (پیر کو) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔

آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ہمراہ پیر کی صبح ریاض کے ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا، بعد ازاں جنرل قمر جاوید باجوہ ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے گئے۔

بعد میں سعودی وزارتِ دفاع کے دفتر میں سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف اسٹاف فیاض بن حمد الرویلی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا، انہیں سعودی وزارتِ دفاع میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آرمی چیف نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف فیاض بن حمد الرویلی کے علاوہ کمانڈر جوائنٹ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (اسٹاف) فہد بن ترکی السعود سے ملاقات کی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کی نئی جہتوں اور انہیں مضبوط اور مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عسکری تربیت سمیت فوجی تعلقات کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا۔