کورونا وبا میں کمی پر بل گیٹس نے بھی پاکستان کی تعریف کردی

  • August 11, 2020, 10:41 pm
  • COVID-19
  • 140 Views

واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی پر پاکستان کی تعریف کردی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے بل گیٹس نے جنوبی ایشیائی ممالک میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کی صورت حال کو بہتری کی جانب گامزن قرار دیا جب کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

سی این این کے میزبان فرید زکریا کے شو میں پاکستان میں کورونا کیسز کے جنوری سے اگست تک کا گراف دکھاتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کورونا وبا کے متاثرین کی شرح خاصی خطرناک رہی لیکن اب کیسز میں تیزی سے کمی آرہی ہے یعنی اب وہاں یورپ جیسی صورتحال ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

بل گیٹس نے بھارت میں کورونا وبا کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور وہاں اب بھی صورت حال جنوبی امریکا جیسی ہے حالانکہ ہم دیکھتے ہیں کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں وائرس کے خلاف مضبوط قوت مدافعت اور نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے کم اموات ہوئیں۔

ایک سوال کے جواب میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جہاں پہلے سارس وائرس پھیل چکا تھا، وہاں ایسی وبا سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ انتظامات موجود تھے جیسے جنوبی کوریا اور ویت نام، اسی لیے ان ممالک میں وبا نے اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا امریکا کو اُٹھانا پڑ رہا ہے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنا دنیا بھر کے ممالک کے لیے چیلنج ہے لیکن پاکستان اس عالمی وبا سے بہترین انداز سے نبرد آزما ہوا، دنیا کو پاکستان کی کوششوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔