وزیر اعظم 13 اگست کو بی آر ٹی افتتاح کریں گے

  • August 11, 2020, 12:18 pm
  • National News
  • 148 Views

شاور: وزیر اعظم عمران خان 13 اگست کو بی آر ٹی (بس ریپڈ ٹرانزٹ) کا افتتاح کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم تیرہ اگست کو خود بی آر ٹی کا افتتاح کریں گے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی موجود ہوں گے۔

پشاور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے شہزاد محمود کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت کے فلیگ شپ منصوبوں میں شامل بی آر ٹی مکمل ہو چکا ہے، یہ پشاور شہر کے باسیوں کے لیے سفری سہولیات پر مبنی عالمی معیار کا منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ خیبر پختون خوا کے واحد میٹرو پولیٹن شہر پشاور کے لیے معاشی سرگرمیوں اور خوش حالی کے نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا، اس منصوبے کے لیے ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کا مخصوص کوریڈور 27 کلو میٹر پر مشتمل ہے، کرائے کی وصولی کے لیے ایک خود کار نظام وضع کیا گیا ہے، مسافروں کو بسوں اور اسٹیشنز پر بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔

سہولیات میں مفت وائی فائی کی سہولت بھی شامل ہے، بس اسٹیشنز میں مسافروں کی سہولت کے لیے خود کار برقی سیڑھیاں اور لفٹس بھی لگائی گئی ہیں، معذور اور معمر افراد کے لیے بھی مخصوص سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

بی آر ٹی منصوبے سے شہر سے خستہ حال بسوں کا خاتمہ ممکن ہوگا، اگر دیگر ٹرانسپورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کا روٹ استعمال کرنے کی کوشش کی تو ان پر جرمانہ ہوگا، بی آر ٹی منصوبے کے سفری کارڈ کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ بی آر ٹی منصوبہ 200 سے زائد بسوں پر مشتمل ہے۔