کراچی، نئی نویلی دلہن کی زہر خوانی سے پراسرار موت

  • August 10, 2020, 4:22 pm
  • National News
  • 251 Views

نیو کراچی بسم اللہ ہوٹل کی رہائشی نو بیہاتہ دلہن سسرال میں زہر خوانی کے پراسرار واقعات میں زندگی کی بازی ہار گئی۔اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو سسرال والوں نے زہر دے کر قتل کیا ہے اور مقدمہ درج کرانے کے لئے تھانے میں درخواست دے دی ہے۔دلہن کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کی بہن 27 سالہ افشاں کا دو سال قبل پھوپھی کے بیٹے جاوید سے نکاح ہوا تھا اور آٹھ روز قبل رخصتی ہوئی تھی۔
بہن کے ہاتھوں سے مہندی بھی نہیں تھی کہ نئی نویلی دلہن نے کفن اوڑھ لیا۔دلہن کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ میری بہن کو سسرال والوں نے زہر دے کر قتل کیا ہے اور بہن کے قتل کا مقدمہ اس کے شوہر ،ساس اور نند کے خلاف درج کروانے کے لیے نیو کراچی تھانے میں درخواست دے دی ہے۔
مقتولہ کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم بھی کروایا گیا ہے جس کی ابتدائی رپورٹ میں موت کا سبب زہر بتایا گیا ہے۔

جب کہ ایس ایچ او نیو کراچی طاہر حسین کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی خاتون کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ دو دن کے بعد آئے گی تاہم اہل خانہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔اس سے قبل اوکاڑہ میں ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں نو بیاہتا دلہن نے سسرالیوں کو زہر دے کر مار ڈالا۔یہ واقعہ نواحی علاقے بصیرپور میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ ناہید نامی لڑکی نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں کو گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں دے دیں۔ زہر کی گولیاں کھا کر دلہن سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔جاں بحق ہونے والے افراد میں ناہید،اشفاق اور وقاص شامل ہیں جبکہ ستارا ور صغراں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔اس سے قبل سسرالیوں کی جانب سے بہو پر تشدد کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔