حب ڈیم میں 330فٹ پانی جمع، اوور فلو ہونے کا اندیشہ

  • August 10, 2020, 12:26 pm
  • Weather News
  • 175 Views

حالیہ بارشوں کےبعد حب ڈیم میں 330 فٹ تک پانی جمع ہوچکا ،جس کے باعث ڈیم اوور فلو ہونے کا اندیشہ ہے۔

پکنک کےلیے حب ڈیم کی طرف جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،کراچی اور حب کو جوڑنے والی سڑک پر ٹرک پھنس گیا ہے،جس سے آمد ورفت میں دشواری ہورہی ہے۔

اہل کراچی کے لیے خوشخبری ہے کہ شہر اور حب کےلیے پانی کا وافر ذخیرہ جمع ہوگیا ہے جبکہ حب ڈیم میں مزید پانی آنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

بارشیں کراچی والوں کےلیے صرف تکلیف کا باعث نہیں ہوتی بلکہ واقعی باران رحمت بھی بنتی ہیں، حب ڈیم میں جمع ہونے والا پانی کراچی کی بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرے گا۔

حب ڈیم میں اب تک تقریباً 330 فٹ تک پانی جمع ہوچکا ہے جو ضلع غربی و دیگر علاقوں کےلیے 2022 تک کےلیے کافی ہوگا مگر مزید پانی جمع ہونے سے ڈیم اوور فلو ہونے کا اندیشہ بھی ہے ۔

بارشوں کے سیزن میں حب ڈیم و اطراف کے دلکش مناظرقابل دید ہوتے ہیں ،جن سے محظوظ ہونے کے لیے لوگ وہاں کا رخ کرتے ہیں۔

واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پانی 339 فٹ کی بلندی تک پہنچے گا ،انتظامیہ پانی کو ڈیم سے باہر ندی میں خارج کرنا شروع کردے گی تاکہ ڈیم اوور فلو نہ ہو ۔