وزیراعظم نے عید الاضحی کیسے گزاری؟

  • August 4, 2020, 1:04 pm
  • National News
  • 147 Views

وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحی اپنی فیملی کے ہمراہ گورنر ہاؤس نتھیاگلی میں گزاری۔گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان سے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عید سے ایک روز قبل جمعے کے دن اپنی فیملی کے ہمراہ عید کی چھٹیاں گزارنے کے لیے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نتھیاگلی پہنچے۔
موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث ان کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ نہ کر سکا اور دوبارہ واپس اسلام آباد چلا گیا۔وزیراعظم بذریعہ سڑک مری اسلام آباد ایکسپریس وے سے باڑیاں کے راستے گاڑیوں کے قافلے میں فیملی کے ہمراہ نتھیاگلی پہنچے۔دو روز قیام کے بعد اتوار کے روز واپس اسلام آباد چلے گئے۔
ذرائع کے مطابق گورنر شاہ فرمان بھی خصوصی مشن پر گورنر ہاؤس نتھیاگلی پہنچے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں گورنر کی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیاں بھی دور ہوگئیں۔دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی افغان صدر کو عید کی مبارکباد دی اور کہا کہ اس سال عید الاضحی ایسے وقت میں آئی جب بین الاقوامی برادری کوویڈ 19 سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے افغانستان میں کورونا کی وجہ سے انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وباء پر کامیابی سے قابو پا لیا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کو پاکستان میں کورونا کے خلاف حکومت کی حکمت عملی سے آگاہ کیا جس میں لوگوں کی جانوں کو بچانے، ذرائع معاش کے تحفظ اور معیشت کو متحرک کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔