عوام عید سادگی سے منائیں اور غیر ضروری میل جول سے پرہیز کریں، گورنر بلوچستان

  • July 30, 2020, 11:08 pm
  • National News
  • 174 Views

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا کہنا ہے کہ عوام عید سادگی سے منائیں اور غیر ضروری میل جول سے پرہیز کریں۔

گورنر بلوچستان نے کورونا وائرس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب بعنوان ’’جذبہ خدمت‘‘ کے شرکا سے خطاب کرتے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر ڈیوٹی سر انجام دینے والا طبی عملہ، انتظامیہ، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور مخیر حضرات کی جانب سے عوام کواشیائے خورد ونوش اور ضروری سامان کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کے شاندار نتائج برآمد ہوئے۔

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے دنیا کی سپر پاور بھی اس عالمی وبا کے مقابلے میں ناکام نظر آئی مگر یہ بات ہم سب کے لیے باعث فخر و مسرت ہے کہ پاکستان میں بہتر اور بروقت اقدامات کی وجہ سے اس وبا پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا۔
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مرتبہ عید الاضحی کے موقع پر سخت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، احتیاطی تدابیر کی پاس داری سے ہی ہم اس وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے، لہذا عوام عید سادگی سے منائیں اور غیر ضروری میل جول سے پرہیز کریں۔

گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی ملک عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیار نہیں تھا مگر اس کے باوجود پاکستانی قوم نے جان لیوا کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اس ضمن میں فرنٹ لائن پر کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والا طبی عملہ اور انہیں سہولیات فراہم کرنے والے متعلقہ ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔