اپوزیشن کو ملکی مفاد کی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے، وزیراعظم

  • July 30, 2020, 11:07 pm
  • National News
  • 138 Views

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ملکی مفاد کی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم نے حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی پاکستان کےلئے ضروری ہے، ماضی کی خرابیوں کو درست کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے شروع سے ہر قانون سازی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی، وہ اپنی سیاست بچانے کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کررہی ہے، حالانکہ اسے قومی مفاد میں ہونے والی قانون سازی میں حمایت کرنی چاہیے۔


وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اپوزیشن نے ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر نہ ترجیح دی تو بے نقاب ہونگے، ملکی مفاد میں ہونے والی قانون سازی کے بدلے این آر او نہیں دے سکتے، آپ عوام کے نمائندے ہیں، پارلیمنٹ میں ہونے والی قانون سازی میں فعال کردار ادا کریں۔

عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کی پوری جدوجہد اس بات پر ہے کہ کیسز ختم ہو جائیں، لیکن ہم اپوزیشن کی کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور پی ٹی آئی اپنے منشور سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی،کیونکہ اگر ہم اپنے منشور سے پیچھے ہٹے تو تباہی ہوگی۔