بیٹے نے احساس پروگرام کے 12ہزار چھین کر ماں کو قتل کر دیا

  • July 18, 2020, 12:24 pm
  • National News
  • 181 Views

بیٹے نے احساس پروگرام کے بارہ ہزار چھین کر ماں کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں خون سفید ہوگیا۔احساس کفالت پروگرام کے 12 ہزار روپے ہتھیانے کے لیے نوجوان نے حقیقی ماں کو قتل کر کے ڈکیتی کا رنگ دے دیا۔ملزم کو گرفتار کیا گیا تو دس منٹ کی تفتیش کے دوران ہی اعتراف جرم بھی کر لیا۔
بھلوال کے سنگدل عبدالرحمن کی واقعے کو ڈکیتی بنانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق چک نمبر 66 شمالی بھلوال کی 65 سالہ حمیدہ بی بی احساس پروگرام کے 12 ہزار روپے وصول کرکے اپنے 30 سالہ بیٹے عبد الرحمن کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی۔راستے میں بیٹے نے 12000 مانگے۔لیکن والدہ نے پیسے دینے سے انکار کردیا جس پر نوجوان انتہائی خوفناک قدم اٹھاتے ہوئے ماں کو ویرانے میں لے گیا اور چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے آنے پر بتایا کہ ڈاکو بارہ ہزار لے کر فرار ہوگئے جبکہ ماں کو قتل بھی کر دیا۔واضح رہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں میں پیسے تقسیم کیے گئے،احساس پروگرام کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ خاندانوں میں 150ارب روپے شفاف طریقے سے تقسیم کئے گئے۔جس کی تعریف کی جا رہی ہے۔عالمی بینک نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان میں سماجی تحفظ کا پروگرام اہم کرداراداکررہاہے۔
یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگوپیچوموتو نے منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام اورمنسلکہ آرٹیکل میں کہی ہے۔۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی 21 کروڑ آبادی میں سے 24 فیصد غربت کا شکارہے اوران کی حالت مزیدابترہونے سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت تھی۔ اس وبا سے خواتین، جو لیبرفورس میں پہلے سے کم فوائد حاصل کرنے والوں میں شامل تھیں،کو زیادہ خطرات کا شکارکردیا ہے۔