ملک میں چینی اور آٹے کا بحران پھرسے پیدا ہونے کا خطرہ

  • July 16, 2020, 4:00 pm
  • Breaking News
  • 127 Views

سرکاری نرخ پر چینی کی دستیابی تو دور کی بات ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے ریٹ مزید دو روپے بڑھ گئے ہیں‘لاہورمیں فی کلو چینی 85سے 90 روپے تک فروخت ہو رہی ہے. ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کیا جارہا ہے‘ انتظامیہ کے کریک ڈاﺅن کے باوجود بہتری کے آثار نظر نہیں آ رہے ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت81 سے83 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے چینی کا ریٹ70 روپے مقرر کیا ہے تاہم شہر میں کسی بھی دکان پر سرکاری نرخوں پر چینی نہیں مل رہی.
شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی سستی ہونے کی بجائے نرخ بڑھ گئے ہیں سب دکانوں کا اپنا اپنا ریٹ ہے کوئی بھی چیز سستی نہیں ملتی بس صرف اعلانات ہوتے ہیں‘تاجروں کا کہنا ہے کہ70 روپے کلو چینی فروخت کروانے کیلئے سپلائی انتظامیہ خود دے ہم کیسے اور کہاں سے بیچیں چینی اس ریٹ پر، اس ریٹ سے زیادہ تو اکبری منڈی ہول سیل میں بھی نہیں ملتی. ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز منافع خووں کیخلاف تین سو54 کارروائیاں کی ہیں 80 ہزار جرمانہ عائد کر کے 6 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے‘ادھروفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں 0.98 فیصد اضافہ ہوا رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 2روپے 14پیسے فی کلو اضافہ ہوا.
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 7 روز میں چینی 80روپے 82 پیسے سے 82روپے 96 پیسے فی کلوہوگئی جون میں چینی 24 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی تھی‘ادھر کراچی میں آٹا 6 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا چکی آٹے کے تھیلے کی قیمت 620 روپے ہو گئی. چینی اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب آٹے کا نمبر آ گیا ہے حکومت نے آٹے کی قیمت بڑھا کر غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا۔
فائن آٹا 55 روپے فی کلو، چکی کا آٹا 62 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے‘فائن آٹے کے 10 کلوتھیلے کی قیمت 445 روپے جبکہ چکی کے آٹے کے تھیلے کی قیمت 620 روپے ہو گئی ہے.

کراچی کے شہری کہتے ہیں کہ کوئی ریلیف تو نہ ملا لیکن آئے دن مہنگائی کے تحفے مل رہے ہیں جبکہ دکانداروں نے گندم کی قیمت میں اضافے کو وجہ قرار دے دیا ہے‘شہری کہتے ہیں کورونا بحران میں ریلیف تو نہ ملا لیکن مہنگائی کا ایک اور تحفہ ضرور مل گیا جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ فلور مل والوں کے فون آ رہے ہیں کہ گندم مہنگی ہونے کے وجہ سے ایک قیمت طے نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بار بار آٹے کی قیمت میں اضافے ہو رہا ہے‘یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی 10 کلو آٹے کا تھیلا 430 روپے میں فروخت ہو رہا ہے.