وفاقی وزیرسے اختلافات پرسیکرٹری بین الصوبائی رابطہ امور عہدے سے فارغ

  • July 16, 2020, 3:58 pm
  • National News
  • 159 Views

وفاقی وزیرسے اختلافات پرسیکرٹری بین الصوبائی رابطہ امور محمد علی شہزادہ کوعہدے سے ہاتھ دھونا پڑگئے ہیں‘وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور ان کے سیکرٹری کے درمیان اسپورٹس فیڈریشن کو فنڈز کی فراہمی کے معاملے پرچپقلش چل رہی تھی محمد علی شہزادہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.
اطلاعات کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیراور سیکرٹری میں اختلافات چل رہے تھے سیکرٹری کھیلوں سے متعلق بنائی گئی ٹاسک فورس پرعملدرآمد پرزور دیتے رہے‘ذرائع کے مطابق سیکرٹری کومالی سال ختم ہونے سے پہلےاسپورٹس فیڈریشنز کو فنڈز کے اجرا پراعتراض تھا سیکرٹری نے 40 میں سے 18 فیڈریشنزکوفنڈزکی فراہمی کے طریقہ کار پربھی سوال اٹھایا.
اطلاعات ہیں کہ سیکرٹری نے فنڈزکی فراہمی رکوانے کے لیے وفاقی وزیرکو 2 خط لکھے وفاقی وزیرفہمیدہ مرزا کو مالی معاملات پرسیکرٹری کی مداخلت ناگوار گزری ‘وفاقی وزیر نے سیکرٹری سے سوال کیا کہ فنڈز جاری کرنے سے آپ کوکیا مسئلہ ہے؟ فہمیدہ مرزا نے سیکرٹری کو 2 ہفتے سے وزارت کے امور سے علیحدہ کردیا تھا. اطلاعات ہیں کہ فہمیدہ مرزا نے وزیراعظم سے سیکرٹری کو ہٹانے کے لیے درخواست بھی کررکھی تھی فہمیدہ مرزا کے وزارت سنبھالنے کے بعد تیسرے سیکرٹری کا ہٹایا گیا ہے‘واضح رہے کہ کچھ دن پہلے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت سندھ کی جاری کردہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کچھ بھی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقارمرزا عدالت میں اپنا موقف دینے کے لیے تیار ہیں نجی ٹی وی کے پروگرام میں جی ڈی اے سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہاتھا کہ ذوالفقارمرزاجے آئی ٹی رپورٹ پبلک ہونے پرخوش ہیں تاکہ سب کچھ واضح ہو سکے.
انہوں نے کہا تھاکہ ان کے خاونڈ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے‘قومی اسمبلی کی سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے دعویٰ کیاتھا کہ جب اسپیکر شپ کی مجھے پیشکش ہوئی تھی تو میں نے مسترد کردی تھی انہوں نے کہا کہ اس کے گواہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ہیں. وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو کہا تھا کہ میں مستعفی ہونا چاہتی ہوں تو انہوں نے مجھے روکا تھا پی پی کی قیادت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاتھا کہ موجودہ قیادت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے نظریے کو ہی ختم کردیا ہے.
جی ڈی اے کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ میں نے پی پی کو اس وقت چھوڑا تھا جب وہ سندھ میں حکمران تھی ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں لوگ گندا پانی پینے کی وجہ سے ہیپا ٹائٹس کا شکار ہو رہے ہیں.