عامر لیاقت نے قومی اسمبلی سے رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

  • July 16, 2020, 3:57 pm
  • Breaking News
  • 194 Views

کراچی سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے اپنی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کررہے. استعفیٰ دینے کا عندیہ انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں دیا جس میں استعفے کی وجہ کراچی میں بجلی بحران کے حل کے لیے کچھ نہ کرپانے کو قرار دیا‘اپنے پیغام میں عامر لیاقت نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے جس میں وہ انہیں استعفیٰ پیش کریں گے.
اس پیغام کے ردِ عمل میں ایک صارف کی جانب سے فیصلے پر غور اور وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑنے پر زور دیا گیا، جس پر عامر لیاقت نے جواب دیا کہ خان صاحب کا ساتھ چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘خیال رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اور کراچی کے حلقہ 256 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے محمد نجیب ہارون نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا.
انہوں نے بھی استعفے کی وجوہات میں لکھا تھا کہ وہ 20 ماہ کی مدت کے دوران اپنے حلقے یا شہر کراچی کے لیے کچھ نہ کرسکے اس لیے وہ اس پوزیشن کے حقدار نہیں‘ادھر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہون کہ میں کراچی کا ایک بے بس رکن قومی اسمبلی ہوں اور اپنے شہر کے لوگوں کو بجلی فراہم کروانے سے قاصر ہوں. انہوں نے لکھا کہ مجھ سے کراچی اور بالخصوص اپنے حلقے کے لوگوں کا تڑپنا، سسکنا اور مونس علوی (سی ای او کے الیکٹرک) کے جھوٹ سہنا نہیں دیکھا جاتا‘یاد رہے کہ عامر لیاقت نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز متحدہ قومی موومنٹ سے کیا تھا اور سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں وہ 3 سال تک وزیر مذہبی امور بھی رہے تھے، تاہم مارچ 2018 میں انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی.
جس کے چند ماہ بعد ہی ان کی تحریک انصاف کے راہنماﺅں کے ساتھ تلخیاں بھی سامنے آگئی تھیں‘واضح رہے کہ پی ٹی آئی کو 2018 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ شہر قائد سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی اور وہ یہاں قومی اسمبلی کی 14 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی تاہم نجیب ہارون کے مستعفی ہونے کے بعد یہ تعداد 13 رہ گئی تھی.