گلوکار عاصم اظہر کے مداحوں کا اداکارہ ہانیہ عامر کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان

  • July 16, 2020, 3:51 pm
  • Entertainment News
  • 233 Views

گلوکار عاصم اظہر کے مداحوں کا اداکارہ ہانیہ عامر کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ستاروں کے مداح اس بات سے شدید افسردہ ہیں کہ دونوں اب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں، تاہم عاصم اظہر کے مداحوں کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ ہانیہ عامر نے عاصم اظہر کو چھوڑ دیا ہے۔
تاہم اب عاصم اظہر کے مداحوں کا اداکارہ ہانیہ عامر کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔ گلوکار کے مداحوں نے فیس بک پر ایک ایونٹ بنا دیا ہے جس میں اب تک 46 ہزار افراد نے شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، احتجاج اتوار کو شام 5 بجے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال سے گلوکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر ایک ساتھ نظر آرہے تھے جس کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات اور قربتوں سے متعلق باتیں کی جارہی تھیں۔
گلوکار عاصم اظہر نے کئی انٹرویوز میں اداکارہ ہانیہ عامر کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔ عاصم اظہر اور اداکارہ ہانیہ کے چاہنے والوں کو اب بس ان کی شادی کا ہی انتظار تھا لیکن حال ہی میں ہانیہ عامر نے لائیو سیشن کے دوران عاصم اظہر کے ساتھ تعلقات سے متعلق خاموشی توڑ دی۔ ہانیہ عامر گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ انسٹاگرام پر لائیو آئی تھیں جس دوران آئمہ نے عاصم اور ہانیہ کے تعلقات سے متعلق سوال کیا۔
سوال کے جواب میں ہانیہ عامر نے انکشاف کیا کہ عاصم اور میں صرف دوست ہیں، ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ نہیں کر رہے اور نہ ہی ہمارے درمیان کوئی تعلقات ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ عاصم اظہر اور میں بہت اچھے دوست ہیں اور حال ہی میں، میں اس کے گانے کی ویڈیو میں بھی آئی ہوں، ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے حاضر ہیں۔ تاہم یہ موضوع سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا تھا جس کے بعد اب عاصم اظہر کے مداحوں نے ہانیہ عامر کے گھر کے باہر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔